Aug ۳۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصیٰ ہماری ریڈ لائن ہے، شیخ عکرمہ کا صیہونیوں کو انتباہ

مزاحمتی فلسطینی تنظیموں جہاد اسلامی اور حماس کے بعد مسجد الاقصی کے خطیب نے بھی مسجد پر صیہونی آبادکاروں کی یلغار اور قبلۂ اول کی بے حرمتی کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔

تسنیم کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمه صبری نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ پر اگر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت جاری رہی تو ایسے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے کہ جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ ہماری ریڈ لائن ہے۔

اس سے قبل جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق عزالدین نے کہا تھا کہ فلسطینی قوم اور بیت المقدس کے شہریوں کی استقامت و مزاحمت کی بنا پر مسجد الاقصیٰ کی زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کا غاصب صیہونی حکومت کا ناپاک و شرمناک منصوبہ کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلۂ اول کے خلاف اس غاصب حکومت کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے بھی سخت متنبہ کیا ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں کی جانب سے باب الاسباط کی جانب سے پہلی بار مسجد الاقصیٰ کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا ہے جو ایسا خطرناک اقدام ہے کہ جس کے نتائچ کی ساری ذمہ داری غاصب صیہونی حکومت پر عائد ہوگی ۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا کہ غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف اشتعال انگیزی اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی اور اسے جارحیت کا نشانہ بنانے کا عمل تیز تر کر دیا ہے تاہم فلسطینی مجاہدین غاصب صیہونی حکومت کا کوئی ایسا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو مسلمانوں کے قبلہ اول کے خلاف تیار کیا جائے۔

واضح رہے کہ جب سے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ ہوا ہے اس وقت سے یہ پہلی بار ہے کہ باب الاسباط سے مسجد الاقصیٰ پر صیہونی آباد کاروں نے حملہ کیا ہے ۔

ٹیگس