Oct ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
  • یمن، جنگ بندی کی مدت میں توسیع کی کوششیں تیز

یمن میں جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے عمان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان گفتگو ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عمان اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ "بدر البوسعیدی" اور ان کے امریکی ہم منصب "اینٹنی بلینکن" نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

عمان کی وزارت خارجہ نے خبر دی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں دونوں ممالک کے تعلقات، اور باہمی دلچسپی کے امور، بعض علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقوں نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت اور تمام فریقوں کے درمیان اعتماد اور تعمیری بات چیت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکا کے وزیر خارجہ اور ان کے عمانی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے، امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن میں جنگ بندی کے عنقریب خاتمے پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلینکن نے جنگ بندی میں توسیع کے عمان کے عزم اور جنگ بندی کو فروغ دینے میں مدد کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی توسیع میں اساتذہ، نرسوں اور دیگر سول سروس کے کارکنوں کی بقایا تنخواہوں کی ادائیگی، صنعاء سے پروازوں میں تیزی، تعز اور دیگر مقامات پر سڑکوں کو دوبارہ کھولنا اور ایندھن بھیجنے کے تسلسل کی ضمانت جیسے امور شامل کئے جائیں گے۔

"الخلیج آن لائن" ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلینکن نے یمن میں جنگ دوبارہ شروع ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس سے یمنیوں کو مزید تباہی اور مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یمن میں جنگ بندی اتوار 2 اکتوبر کو ختم ہو جائے گی اور سعودی عرب، امریکہ اور اقوام متحدہ اس میں توسیع کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس