جارح افواج جنگ بندی کو قبول کریں یا پھر میزائل اور ڈرون حملوں کو: یمنی وزیردفاع
یمنی وزیر دفاع نے یمن پر حملہ کرنے والے سعودی اتحاد کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوربے فائدہ جنگ کے خاتمے کو قبول کریں یا پھر یمنی فوج کے تباہ کن میزائل اور ڈرون حملوں کو،
سحر نیوز/ عالم اسلام :ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یمنی وزیردفاع جنرل ناصر العاطفی نے صوبہ مارب میں فرنٹ لائنوں کے دورے کے دوران کہا کہ تیل، دیگر ذخائر، دولت اور اثاثے یمن کے ہیں اور صنعا دارالحکومت والے یمن کے علاوہ کسی کو اس پر قبضے کا حق حاصل نہیں ہے۔
جارح اتحاد نے جس طرح یمن کے وسائل اور دولت کو لوٹا تھا، وہ یمنی قوم کو فتوحات کو بھ لوٹنا چاہتے تھے اور اسی لئے انہوں نے جنگ بندی کو قبول کیا لیکن میں یہاں مارب صوبے سے ان سے کہتا ہوں کہ تمہارے پاس صرف دو راستے ہیں یا جنگ بندی کو قبول کرو یا پھر میزائلوں اور ڈرون حملوں کو قبول کروگے۔ یمنی وزیر دفاع نے فرنٹ لائنوں پر اپنے دورے کے دوران ایک خطاب میں یہ بات کہی ۔
یمنی وزیر دفاع نے کہا کہ جارح اتحاد نے جنگ بندی سے غلط فائدہ اٹھایا ہے انہوں نےاپنی حالت کو بہتربنانے کےلئے مختلف علاقوں میں ائیرڈیفنس کے نظام لگائے ہیں لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ یہ ائیرڈیفنس نظام انہیں یمنی افواج کی دردناک ضربوں سے بچا نہیں پائیں گے۔
جنرل ناصر العاطفی نے سعودی جارح اتحاد سے مخاطب ہوکر کہا کہ اگر تم نے دشمنی اور یمنی قوم کے محاصرے کو جاری رکھا تو پھر بلیسٹک میزائل اور ڈرون طیاروں کی لہریں تمہارے آسمان پر ظاہر ہوں گی۔
المسیرہ ٹی وی پر لائیو نشر ہونے والے خطاب میں یمنی وزیردفاع نے کہا کہ مجاہدین کی پہلی ترجیح یمنی قوم کے مفادات اور یمن کی جغرافیائی سالمیت کا تحفظ اور جمہوری یمن کےلئے مکمل فتح کا حصول ہے۔