استقامتی محاذ اور صیہونی حکومت کے مابین جنگ بندی، غزہ کے باشندوں نے منایا جشنِ ظفر
ذرائع نے استقامتی محاذ اور صیہونی حکومت کے مابین جنگ بندی پر اتفاق ہو جانے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطینی استقامت کے پریس سیکریٹری ابو مجاہد نے خبر دی ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق گزشتہ شب 10 بجے سے ہوا ہے۔ جنگ بندی کے ساتھ ہی غزہ کی مقبوضہ فلسطین سے ملی گزرگاہوں کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ جنگ بندی کے اعلان سے چند منٹ پہلے تک مزاحمتی محاذ نے تل ابیب اور غزہ کے قرب و جوار کی صیہونی کالونیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا۔
صیہونی حکومت کی فوج نے کہا تھا کہ فلسطینیوں نے غزہ سے ایک ہزار 234 میزائل اور راکٹ فائر کئے جبکہ صیہونی فوجیوں نے حالیہ جنگ کے دوران غزہ میں 371 اہداف کو نشانہ بنایا۔
جنگ بندی کے اعلان کے بعد گزشتہ شب غزہ کے باشندوں نے سڑکوں پر نکل کر اپنی فتح اور اسرائیل کی شکست کا زوردار جشن منایا۔ اس موقع پر غزہ کے عوام نے جبالیا کیمپ میں کامیابی کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شمالی لبنان کے پناہ گزین کیمپ نهر البارد کے فلسطینیوں نے بھی جنگ بندی کے اعلان کے ساتھ ہی سڑکوں پر نکل کر استقامتی محاذ کی کامیابی کا جشن منایا۔
صیہونی جارحیت و دہشتگردی میں اپنے دسیوں ہموطنوں کی شہادت کے باوجود فلسطینی باشندوں نے فتح و ظفر کا جشن منا کر ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف برسرپیکار رہنے پر مبنی اپنے فولادی عزم کا ایک بار پھر واضح اعلان کر دیا۔ غزہ پر صیہونیوں کی حالیہ جارحیت میں کم از کم 40 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں معصوم بچے اور چند خواتین بھی شامل ہیں۔