غزہ پر بمباری بھی صیہونیوں کو اپنی حکومت کے خلاف مظاہروں سے نہ روک سکی
ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف انیسویں ہفتے بھی صیہونی شہریوں کے مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور اس تسلسل کو غزہ کے خلاف نتن یاہو حکومت کی جارحیت و بربریت بھی نہیں توڑ سکی۔
سحر نیوز/عالم اسلام: مقبوضہ فلسطین سے موصولہ رپورٹس کے مطابق باوجود اس کے کہ صیہونی ریاست میں پہلے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ غزہ کے جانب سے میزائل بارانی کے خدشے کے پیش نظر اس ہفتے حکومت کے خلاف مظاہرہ نہیں ہوگا، مگر اس کے باوجود صیہونی شہریوں نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں نتن یاہو حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کو غزہ کے میزائلوں کے خوف پر ترجیح دی اور نتن یاہو حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
نتن یاہو کی سرکردگی میں صیہونی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ انیس ہفتوں سے جاری ہے اور اس ہفتے صیہونی حکومت کے تصور کے برخلاف صیہونی شہریوں نے اُس کے خلاف مظاہرہ کیا۔
نتن یاہو حکومت کا خیال تھا کہ غزہ میں فلسطینی کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ صیہونی شہریوں کی ناراضگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور وہ اسکے خلاف سڑکوں پر نہیں نکلیں گے تاہم اُس کا یہ خیال غلط ثابت ہوا۔