Jun ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • عراقی مزاحمتی فورسز کا امریکہ کو سخت انتباہ

عراق کی عوامی مزاحمتی فورسز نے امریکی فوج کو ملک کے اقتدار اعلیٰ اور آئین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر سخت خبردار کیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: روسیا الیوم کی رپورٹ کے مطابق عراقی عوامی مزاحمتی فورسز کے کوارڈینشین دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم عراقی عوام کے مفاد اور ان کی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں اور اس موجودہ خطرناک مرحلے سے عبور کرنے کے لئے کوارڈینیشن کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی مداخلت کا راستہ روکا جائے، امریکہ عراق میں کھلم کھلا زور زبردستی، مداخلت اور ملکی آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی اڈے اور چھاؤنیاں خصوصا اس کے ڈرون طیاروں کے اڈے اور اس کا سفارت خانہ ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے کے علاوہ اخلاقی بے راہ روی کے پھیلانے اور عراقی ثقافت کو بگاڑنے میں سرگرم عمل ہے اور وہ بہت خبیثانہ طور پر عراقی عوام کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کر کے انہیں بنیادی خدمات سے محروم کر رہے ہیں اور عراقی عوامی مزاحمتی فورسز کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے رہے ہیں، اس کا جواب دینا ہمارا قانونی اور قومی فریضہ ہے۔

عراق کی مزاحمتی جماعتوں کے کوآرڈینیشن دفتر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم حکومت کی کوششوں کو سامنے رکھتے ہوئے ان کو آخری موقع دے رہے ہیں کہ وہ ان خلاف ورزیوں کا خاتمہ کریں، ہم سب کو بتانا چاہتےہیں کہ ہمارے صبر کی ایک حد ہے، اس کے بعد ان کے اقدام کا جواب دیں گے۔

ٹیگس