صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہادت پسندانہ کارروائی کرنے کی کوشش کے بہانے گولی مار دی۔
صیہونی میڈیا نے یہ دعوی کیا ہے کہ دو فلسطینی نوجوان آج صبح مقبوضہ بیت المقدس کے قریب واقع المزموریہ چیک پوسٹ پر پہنچے اور انہوں نے غیر آتشیں ہتھیاروں سے صیہونی فوجیوں پر حملہ کرنےکی کوشش کی-
سحرنیوز/ عالم اسلام: اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے ان میں سے ایک نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ صیہونی فوجیوں نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں کی اس کارروائی میں ت کسی بھی صیہونی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
فلسطینی میڈیا نے بھی خبر دی ہےکہ شہادت پسندانہ کارروائی میں شریک ایک فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگیا ہے اور اسے ھسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے المزموریہ چیک پوسٹ کو بند کردیا ہے اور فوجیوں کی نفری بڑھای دی ہے-
دوسری جانب غاصب فوجیوں نے مشرقی غزہ میں فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کی ہے کہ جس کے نتیجے میں چھے فلسطینی زخمی ہوگئے ہيں-
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوج کا یہ دوسرا حملہ ہے- فلسطین کے مقامی ذرائع نے کل اتوار کی شام کو بھی خبر دی تھی کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے غزہ میں واقع جبالیا کے علاقے میں فلسطینیوں کے مظاہروں کی سرکوبی کی ہے-
اس رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے فلسطینی مظاہرین پر گولی چلائی اور آنسو گیس کے گولے پھینکے کہ جس کے نتیجےمیں اس خبر کے موصول ہونے تک ایک نامہ نگار سمیت چند فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے-