Sep ۱۹, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • قطر، متحدہ عرب امارات، اردن اور بحرین کی طرف سے بحران یمن کے حل کے لئے ریاض مذاکرات کی حمایت

قطر، متحدہ عرب امارات، اردن اور بحرین نے یمن کے بحران کے حل کے لیے ریاض میں جاری مذاکرات کی حمایت کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: قطر کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ وہ یمن میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے یمن کے بحران کے جامع سیاسی حل کے لئے گذشتہ اپریل میں صنعا میں ہونے والے مذاکرات کی تکمیل کے مقصد سے سعودی عرب کے دورے کے لئے ایک یمنی وفد کو ریاض کے دورے کی دعوت دیئے جانے کا جائزہ لیا ہے-

قطر کی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ ریاض کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات ایک مستقل جنگ بندی کا باعث بنیں گے اور سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے یمنی عوام کی توقعات کے مطابق دیرپا امن قائم کرنے کی کوششوں کو تقویت دیں گے۔

متحدہ عرب امارات نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ابوظہبی، یمن میں ایک مستحکم سیاسی حل کے لیے کی جانے والی تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ اس ملک کے عوام سلامتی، ترقی اور استحکام سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اور اس سلسلے میں ہم سلطنت عمان اور سعودی عرب کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایک بیان میں اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان "سنان المجالی" نے بھی سعودی عرب کی جانب سے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وفد کو ریاض کا دورہ کرنے کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ یمن میں جنگ بندی کے لیے ملاقاتیں اور بات چیت مکمل کی جا سکے اور یمن میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو تقویت حاصل ہوسکے-

بحرین نے بھی یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ایک وفد کو ریاض کی جانب سے دعوت دیئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ یمن میں مستقل اور جامع جنگ بندی کے قیام اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی تقویت اور ایک مستحکم سیاسی حل کے حصول کے لیے عمان کے تعاون سے مذاکرات کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے اور ایسی پائیدار راہ حل تلاش کی جائے کہ جو اقوام متحدہ کے زیر نگرانی تمام یمنی جماعتوں کے لیے قابل قبول ہو-

 

ٹیگس