Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائیلی فوج کا جنگی جنون، غزہ میں بچوں کی اموات زیادہ

غزہ پٹی میں غاصب اسرائيلی فوج کا جنگی جنون جاری ہے جہاں معصوم بچوں کی لاشیں زیادہ نظر آ رہی ہیں۔ 

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پٹی پر غاصب اسرائیلی حکومت کے فوجیوں کا جنگی جنون اور بربریت جاری ہے جس میں اب تک 2215 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ غزہ پٹی میں فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت میں شہید ہونے والوں میں 66 فی صد تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔  

خبر رساں ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں تازہ ترین اعداد و شمار جاری کئے ہیں اور ان اعداد و شمار کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج کی بربریت کے نتیجے میں شہید ہونے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 2215 ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے اب تک 8714 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ادھر غرب اردن میں بھی اب تک 53 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے روز سے اب تک غرب اردن میں 1100 افراد صیہونی بربریت میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا غزہ پٹی میں فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 324 فلسطینی غاصب اسرائیلی جارحیت میں شہید ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 126 بچے اور 88 عورتیں شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اس طرح شہید ہونے والوں میں 66 فی صد تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فلسطین کے استقامتی محاذ کی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد غاصب اسرائیلی کابینہ نے حالت جنگ کا اعلان کرتے ہوئے غزہ پٹی کی پانی اور بجلی کی سپلائی منقطع کردی تھی۔ غاصب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ پٹی میں ہسپتالوں، مسجدوں، غیر فوجی تنصیبات اور رہائشی مکانات کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

ٹیگس