علاقے کے نئے نقشے میں "اسرائیل" نام کی کوئی چیز نہیں ہوگی، ممتاز تجزیہ نگار عطوان
روزنامہ "رائے الیوم" کے مدیر اور ممتاز تجزیہ نگار عبدالباری عطوان نے اپنے نئے مضمون میں مذکورہ بات لکھی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: روزنامہ "رائے الیوم" کے مدیر اور ممتاز تجزیہ نگار عبدالباری عطوان نے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے بارے میں لکھا ہے کہ اس جنگ میں غاصبوں کو کوئی فوجی یا سیاسی کامیابی نہیں ملی ہے بلکہ ان کو صرف ایک چیز حاصل ہوئی ہے اور وہ ہے سلسلہ وار شکستوں کا پیکیج۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ "طوفان الاقصیٰ" آپریشن میں غاصب اسرائیلی حکومت کی شکستوں کا سلسلہ جاری ہے کہا کہ استقامت علاقے کے لئے ایک نیا نقشہ تیار کر رہی ہے جس میں "اسرائیل" نام کی کوئی چیزنہیں ہوگی۔
عبدالباری عطوان نے لکھا کہ غاصب حکومت غزہ پٹی میں مقیم 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے میں ناکام رہی اور یہ کہ تحریک حماس، جسے غاصب صیہونی حکومت تباہ کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے، پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط دکھائی دی اور فلسطینی عوام میں اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح وہ تمام سازشیں جو دشمن نے حماس کے خلاف تیار کی تھیں اور اس کے خلاف عالمی اشتعال پیدا کرنے کی کوششیں کی تھیں وہ سب ناکام ہو کر رہ گئیں۔
ممتاز تجزیہ نگار عبدالباری عطوان نے لکھا کہ ہم نے دیکھا تمام گروپوں، فرقوں اور قبیلوں سے تعلق رکھنے والے عراقی، غاصب اسرائيلی حکومت کے جرائم کے خلاف متحد ہو کر فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ فلسطین کی حمایت میں عرب اقوام کے مظاہرے عربوں کے جذبے اور رائے عامہ میں ایک عظیم انقلاب کے وقوع پذیر ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔