ریاض میں عالمی رہنماؤں سے صدر ایران کی ملاقاتیں، غزہ پر حملے بند کروانے کی فوری ضرورت پر زور
اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقات میں غزہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی۔
صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے ہفتے کی شام شام کے صدر بشار الاسد کے ساتھ ملاقات میں بھی فلسطین کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئيسی نے مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی سے ملاقات میں بھی غزہ پر حملے بند کروانے اور مظلوم فلسطینی عوام تک فوری امداد رسانی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مصر اس سلسلے میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے۔ سید ابراہیم رئیسی نے ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات کے دوران کہا کہ بعض لوگ یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مزاحمتی گروپ اسلامی جمہوریہ ایران کی کمان میں ہیں جبکہ ہم نے بار بار اس دعوے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ مزاحمتی گروپ تشخیص، فیصلہ اور عمل میں آزاد ہیں۔
صدر ایران اور لبنان کے وزیر اعظم نے اس ملاقات میں غزہ کے عوام سے اظہار ہمدردی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے۔ غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات پر زوردیا۔
سید ابراہیم رئیسی نے ریاض میں سوڈان کی عبوری کونسل کے سربراہ عبدالفتاح برہان سے ملاقات میں صیہونی حکومت کو امت اسلامیہ اور پوری دنیا کے لیے ایک بڑی آفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بہت سے مصائب، اسلامو فوبیا، ایران فوبیا اور عالم اسلام اور افریقی براعظم میں انتشار کی جڑ صیہونی حکومت ہے۔