Nov ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۲:۴۳ Asia/Tehran
  • اسرائیلی بمباری: اسماعیل ہنیہ کی پوتی بھی شہید

غزہ پٹی پر غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اس بمباری میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی جوان پوتی بھی شہید ہوگئی ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: غزہ پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں روزانہ نہتے اور بے گناہ فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہو رہے ہیں۔ غاصب فوج رہائشی مکانات، اسکولوں، اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنا رہی ہے۔

اب اطلاعات ہیں کہ تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی بھی غاصب صیہونی حکومت کی فوج کی بمباری میں شہید ہوگئی ہیں۔ اسماعیل ہنیہ کی پوتی رؤی ہمام ہنیہ میڈیکل طالبہ تھیں۔

رؤی ہنیہ غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں میڈیکل طالبہ تھیں اور غزہ پٹی میں براق اسکول پر ہونے والے حملے میں شہید ہوئیں۔

واضح رہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر روا رکھے جانے والے غاصب اسرائیلی حکومت کے مظالم کے جواب میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے مجاہدین نے 7 اکتوبر (2023) کو غزہ سے مقبوضہ علاقوں میں "طوفان الاقصی" نامی آپریشن شروع کیا جس میں غاصب اسرائیل کو بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان پہنچا اور اس کو شرمناک شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

غاصب اسرائیلی حکومت نے شرمناک شکست اور بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے بعد بوکھلاہٹ میں غزہ کے نہتے اور بے گناہ عوام پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا جو ابھی تک جاری ہے۔ غاصب افواج کی جارحیت میں اب تک 11 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں، عورتوں اور بوڑھے افراد کی تعداد زیادہ ہے۔

 

ٹیگس