صیہونی فوجی اڈوں پر حزب اللہ لبنان کے حملے (ویڈیو)
حزب اللہ لبنان نے لبنان سے ملحقہ مقبوضہ فلسطینی سرحدی علاقے میں غاصب صیہونی فوجیوں کے اڈے پر حملہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان کی اسلامی استقامت کے مجاہدین نے غزہ پٹی میں فلسطینی عوام کی حمایت میں غاصب صیہونی فوجیوں کے اڈے المالکیہ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اس سے پہلے بھی حزب اللہ کے مجاہدین نے لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر واقع برانیت فوجی چھاؤنی کے قریب غاصب صیہونی حکومت کی پیادہ فوج کو اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے بھی دعوی کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے اہداف کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم اور بہت زیادہ تعداد میں فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جس کی وجہ سے ان علاقوں میں رہنے والے صہیونیوں میں خوف و ہراس پھیل گيا ہے۔ غاصب صیہونی فوج نے بھی گزشتہ دنوں لبنان کے سرحدی علاقوں پر توپخانے سے حملہ کیا تھا۔اب تک دسیوں ہزار صہیونی، استقامت کے مجاہدین کے حملوں کے خوف سے لبنان کے سرحدی شہروں سے بھاگ گئے ہیں۔