غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کا سلسلہ جاری، مزید درجنوں فلسطینی شہید
غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے تینتالیسویں دن بھی جاری ہیں جن میں اب تک مزید دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے تینتالیسویں دن غزہ میں الوفا اسپتال کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں اس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر مدحت محیسن سمیت کئی افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی اثنا میں غزہ کے الاقصی اسپتال کے ترجمان نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ اب تک غزہ پر صیہونی وحشیانہ حملوں میں دو سو سے زائد طبی عملے کے افراد شہید اور ساڑھے چار سو سے زائد دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جس کے جواب میں جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو نے غزہ کے اندر اور باہر صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں واقع حی الزیتون نامی علاقے میں صیہونی فوجی ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔