حماس: فلسطین کی بھرپور حمایت پر ایران کی قدردانی
لبنان میں حماس کے نمائندے عبدالہادی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دشمن پر جنگ بندی مسلط کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان میں اسلامی استقامتی تحریک حماس کے نمائندے احمد عبدالہادی نے بدھ کی شام ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم غاصب دشمن کے مقابلے میں استقامت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور بھر پور حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے شکرگزار ہیں۔ بیروت سے اسلامی استقامتی تحریک حماس کے نمائندے نے اس پریس کانفرنس میں، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان بھی موجود تھے، کہا کہ فلسطینی استقامت نے زمینی جنگ میں بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ حماس کے نمائندے عبدالہادی نے فلسطینی استقامت کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سیاسی کاوشوں اور انتھک سفارتکاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن کے مقابلے میں فلسطین کی استقامتی تحریک کی کامیابی پورے استقامتی محاذ کی بھر پور حمایت کا نتیجہ ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران سرفہرست ہے۔ بیروت میں حماس کے نمائندے نے کہا کہ فلسطینی عوام کی پائیداری اور استقامت کی کامیابی نے، ہم کو اس مرحلے تک پہنچایا کہ ہم صیہونی دشمن پر جنگ بندی اور تحریک استقامت کی شرائط مسلط کرسکیں۔