Nov ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran

فلسطینی اور اسرائيلی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کےتحت تیس فلسطینی قیدی صیہونی حکومت کی عوفر جیل سے آزاد ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت کی جیلوں کی تنظیم نے بھی ان تیس افراد کی آزادی کی تصدیق کی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ صیہونی حکومت کی جیل عوفر سے آزاد ہونے والے تیس افراد میں سے پندرہ بچے اور پندرہ خواتین ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو لے جانے والی بس منگل کی شام عوفر جیل سے روانہ ہونے کے بعد مغربی کنارے میں واقع بیتونیا سٹی میں داخل ہوئی۔ اسرائيلی قیدیوں کی آزادی کے بدلے میں رہائی پانے والا فلسطینیوں کا یہ پانچواں گروہ ہے۔
دوسری جانب حماس نے کہا ہےکہ اگر صیہونی حکومت اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ایک جامع سمجھوتے تک رسائی کے سلسلے میں سنجیدہ ہو تو وہ بھی اس پر آمادہ ہے۔حماس کے سیاسی دفتر کے رکن غازی حمد نے کہا ہے کہ اگر صیہونی غاصب اپنے قیدیوں کی آزادی کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو تحریک حماس اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینیوں اور صیہونی قیدیوں کے تبادلے کے لئے ایک جامع معاہدے تک رسائی کے لئے تیار ہے۔
تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن نے ثالثی کا کردار ادا کرنے والوں کو ایسی دستاویزات دکھائی ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت موجودہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ غازی حمد نے مزید کہا کہ امریکہ فلسطینی عوام کے حقوق کو مدنظر نہیں رکھتا ہے۔ حماس کے اس رکن نے مزید کہا کہ قدس کی غاصب حکومت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کئے جانے کے باوجود ابھی تک غزہ پٹی کے شمالی علاقے میں بقدر کافی انسان دوستانہ امداد نہیں پہنچی ہے۔

ٹیگس