یمن نے امریکہ کو کھلی وارننگ دے دی، اگر مفاد کے خلاف اقدام کیا تو...
علاقے میں امریکہ کی بڑھتی مداخلت کی وجہ سے یمن نے امریکہ کو کھلی وارننگ دے دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے زور دیا ہے کہ یمنی قوم کے مفادات کے خلاف کوئی بھی کشیدگی پھیلانے والا اقدام اعلان جنگ ہے۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے یمن کے خلاف اپنے معاندانہ رویے میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔
مہدی المشاط نے فلسطینی عوام اور دنیا کے تمام اقوام کو بھی مبارکباد پیش کی جنہوں نے فلسطینی مزاحمت کی بہادرانہ کارروائیوں کے لیے غزہ کی مدد کی۔
المیادین چینل کے مطابق یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا کہ میں واشنگٹن سے کہتا ہوں کہ وہ یمن کے خلاف اپنے معاندانہ رویے میں بنیادی اصلاحات کرے کیونکہ اس کا طرز عمل خطے کے مفاد کے خلاف ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہماری قوم کے مفادات کے خلاف امریکہ کا کوئی بھی جارحانہ رویہ، اعلان جنگ ہوگا اور ہم اس کے مطابق اس سے نمٹیں گے۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے کہا کہ میں جنگ کے سوداگروں کو انتباہ دیتا ہوں اور انتظامی منصوبوں کی تشکیل اور قیدیوں کے معاملے سے نمٹنے کے آغاز اور بندرگاہوں پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہوں۔