غاصب فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان کئی محاذوں پر گھمسان کی لڑائی
فلسطین کے مقامی ذرائع نے اعلان کیا ہے غاصب صیہونی فوجیوں نے دسیوں فوجی گاڑیوں کے ذریعے غرب اردن کے علاقوں جنین، اریحا، بیت لحم اور شمالی رام اللہ پر حملہ کیا جہاں فلسطینی مجاہدین نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر جنین پر حملہ کیا ہے- فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مسلح صیہونی فوجیوں نے دسیوں فوجی گاڑیوں کے ساتھ جنین پر حملہ کیا اور اس شہر میں ابن سینا ہسپتال کو اس پر حملے سے پہلے اپنے محاصرے میں لے لیا - ان ذرائع نے غاصب فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان کئی محاذوں پر گھمسان کی لڑائی کی خبر دی ہے- غاصب فوجیوں نے جنین کمیپ کے متعدد علاقوں میں بجلی کاٹ دی ہے اور اس جارح فوج کے بلڈوزروں نے جنین شہر اور جنین کیمپ کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے- صیہونی فوجیوں نے اس شہر اور کیمپ کے اطراف کی بعض عمارتوں پر حملہ کیا ہے اور صیہونی فوج کے اسنائپرز ان عمارتوں میں تعینات ہوگئے ہيں-
جنین شہر کے ساتھ ہی صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقوں اریحا اور رام اللہ کے شمالی و مغربی علاقوں پر بھی حملہ کیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے غرب اردن کے علاقے بیت لحم میں شدید لڑائی کی خبر دی ہے- شمالی رام اللہ کے الجلزون کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے دوران بھی لڑائی ہوئی ہے- شمالی مقبوضہ بیت المقدس کے قلندیا کیمپ میں بھی غاصبوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
واضح رہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک، غرب اردن میں دوسو ساٹھ افراد شہید اور تقریبا تیئیس سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔