ریاض منصور: نتن یاہو کی جگہ مقبوضہ فلسطین کا اقتدار نہیں بلکہ ہیگ کی بین الاقوامی عدالت میں ملزم کی حیثیت ہے
اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب نے جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کی جگہ مقبوضہ فلسطین کا اقتدار نہیں بلکہ ہیگ کی بین الاقوامی عدالت میں ملزم کی حیثیت ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے کہا کہ تمام ملکوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم بند کرانے اور غزہ کے عوام کو نجات دلانے کے لئے اپنے اخلاقی اور قانونی فرائض پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں دس لاکھ بچے نشانہ بن گئے جن میں ایک تعداد شہید و زخمی ہوگئی تو باقی بچوں کو موت کے خطرے اور یا بھوک مری کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب نے کہا کہ دنیا انسان دوستانہ بنیادوں پر جنگ بندی کی خواہاں ہے اور ایک سو ترپن ملکوں نے جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں ووٹ بھی دیئے مگر دس ملکوں نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا غزہ میں جنگ بندی چاہتی ہے مگر غاصب صیہونی حکومت عالمی برادری کی اس خواہش پر کوئی توجہ تک نہیں دے رہی ہے۔ ریاض منصور نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جنگی جرائم، غیر انسانی مظالم اور نسل کشی ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر ایک پلے کارڈ بھی اپنے ہاتھوں لیا جس پر لکھا ہوا تھا کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے۔