Dec ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۳ Asia/Tehran
  • یمن نے امریکی اتحاد کو کھلی وارننگ دے دی

یمن نے امریکہ کے نئے اتحاد کو سخت وارننگ دے دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکہ کے نئے اتحاد کی تشکیل کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یمن کے وزیر دفاع نے تاکید کی کہ یمن کی مسلح افواج بحیرہ احمر کو امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کا قبرستان بنا دیں گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد ناصر العاطفی نے امریکہ کو بحیرہ احمر میں کسی بھی کارروائی کے نتائج کی بابت خبردار کر دیا ہے۔

العاطفی نے تازہ ترین بحری اتحاد کی تشکیل کے حوالے سے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ ہمارے پاس ایسے آلات ہیں جو آپ کے بحری بیڑے، بحری جہازوں، آبدوزوں اور طیارہ بردار بحری جہازوں کو غرقاب کر سکتے ہیں۔

یمن کے وزیر دفاع نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے کہا کہ بحیرہ احمر تمہارا قبرستان بن جائے گا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے راستوں کو محفوظ بنانے کے بیان کردہ مقصد کے لیے ایک کثیر القومی اتحاد کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، اس اتحاد میں شامل نہیں ہیں۔

آسٹن کے مطابق اس اتحاد میں بحرین، انگلینڈ، فرانس، اٹلی، ہالینڈ، ناروے، سیشلز اور اسپین شامل ہوں گے۔

ٹیگس