Dec ۲۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • صیہونی اہداف پر حزب اللہ لبنان کے حملے، اسرائیل کے دو ہیلی کاپٹر علاقے سے فرار ہونے پر مجبور

حزب اللہ لبنان نےاعلان کیا ہےکہ اس نے غاصب اسرائیل کے دو ہیلی کاپٹروں کو میزائل سے نشانہ بنایا اور ان کو علاقے سے فرار پر مجبور کردیا.

سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان کی اسلامی مزاحمت نے بدھ کی شام کو ایک بیان میں اسرائیلی ہیلی کاپٹروں کی جانب میزائل فائر کرنے کی خبر دی ہے۔ حزب اللہ نے اعلان کیا ہےکہ کل شام کو شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقوں شتولا، شومیرا اور ایون مناخم پر اسرائیلی فوج کے دو ہیلی کاپٹروں کو زمین سے ہوا میں مار کرنے والے دو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر علاقہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ لبنان کی اسلامی مزاحمت نے اسی طرح متعدد بیان میں اعلان کیا ہے اس نے مناسب فوجی ہتھیاروں سے صیہونی حکومت کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت میں الراھب فوجی ٹھکانے پر برکان میزائل سے حملہ کیا ہے اور یہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر لگے ہيں۔ لبنان کی اسلامی مزاحمت نے اسی طرح خربہ ماعر علاقے میں اسرائیلی ٹینکوں اور برکہ ریشا نامی فوجی اڈے کے اطراف میں غاصب اسرائیل کی پیادہ فوج پر مناسب ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے- حزب اللہ لبنان نے گذشتہ چند دنوں کے دوران غزہ پر جارح اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں ہزاروں فلسطینوں کے خاک و خون میں غلطاں ہونے کے ردعمل میں مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے متعدد ٹھکانوں پر اپنے حملے کئے ہيں کہ جس کے باعث صیہونیوں ميں خوف و ہراس پیدا ہوگيا ہے اور صیہونی آباد کاروں کی ایک بڑی تعداد ان علاقوں کو چھوڑنے مجبور ہوگئی ہے۔

ٹیگس