Jan ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • یمن: بحیرہ احمر میں یمنی بحریہ کے دس نوجوان شہید، امریکی جارحیت کا جواب دینے کا اعلان

یمن کی سیاسی کونسل کے رکن نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں یمنی بحریہ کے دس نوجوانوں کو شہید کرنے پر مبنی امریکا کے مجرمانہ اقدام کا جواب دیا جائے گا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے پیر کی رات ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم پڑوسی ملکوں سے اپیل کرتے ہیں کہ یمن پر حملے میں اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ تعاون نہ کریں اور ان کے جرائم میں شریک نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب کو انتخاب کرنا ہے کہ کس طرف ہوں گے، بچوں کے قاتلین کے ساتھ کھڑے ہوں گے یا مظلوم فلسطینی قوم کا دفاع کریں گے۔
محمد البخیتی نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اتوار کی رات ایک بیان جاری کرکے بحیرہ احمر میں امریکا کے حملے میں یمنی بحریہ کے دس نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ یمن کی مسلح افوج کے ترجمان یحیی سریع نے اپنے بیان میں بتایا کہ امریکی دشمن کی فوج نے تین کشتیوں پر حملہ کیا جس میں یمنی بحریہ کے دس فوجی شہید ہوگئے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ امریکی فوج کو بحیرہ احمر میں ہماری کشتیوں پر حملے کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جہازوں کی حفاظت کے لئے بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کے اقدامات ہمیں غزہ کے عوام کی حمایت سے نہیں روک سکتے۔

ٹیگس