صنعا: امریکہ اور برطانیہ کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے حکام نے امریکی حملے کے جواب میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کو یمنی بحریہ پر حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اسپتنک خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے سیاسی شعبے کے سینیئر رکن علی القحوم نے کہا کہ "بحیرۂ احمر میں یمنی بحریہ کی کشتی پر حملہ ایک ایسا دروازہ کھول دے گا جسے امریکی اتحاد بند کرنے پر قادر نہیں ہے۔"
اتوار کو امریکی اتحاد نے بحیرۂ احمر میں یمنی بحریہ کی ایک کشتی پر حملہ کردیا تھا جس میں 10 یمنی فوجی شہید ہوگئے تھے۔
علی القحوم نے کہا کہ یمنی بحریہ کی کشتی پر حملہ کرکے امریکی اتحاد نے جنگ کی ایسی آگ بھڑکا دی ہے جس سے وہ کبھی بھی آسانی سے نہیں نکل پائیں گے اور اس کی بہت بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔
ادھر یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے سیاسی شعبے کے رکن محمد البخیتی نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کے جرم کا جواب دیا جائے گا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج بحیرۂ احمر میں یمنی افواج کی کشتیوں کو نشانہ بنانے کا خمیازہ بھگتیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں میں یمنی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت میں بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں مقبوضہ علاقوں کی طرف جانے والے یا صہیونی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔
یمنی فوج کے دستوں نے یہ عہد کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی حکومت غزہ پر اپنے حملے بند نہیں کرتی اس وقت تک اس غاصب حکومت کے جہازوں یا بحیرۂ احمر میں مقبوضہ علاقوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھیں گے۔