اسرائیل اور مصر کے درمیان خفیہ مذاکرات کا انکشاف
اسرائیل اور مصر کے درمیان حساس سرحدی مذاکرات کا انکشاف ہوا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مصر کے ایک باخبر ذریعے نے صیہونی حکومت اور مصر کے درمیان سرحدی مذاکرات اور سرحدی پٹی کو محفوظ بنانے سے متعلق ایک پرانے منصوبے کو پھر سے شروع کئے جانے کی اطلاع دی ہے اور انکشاف کیا ہے کہ اس سلسلے میں شاباک کے تین اہلکاروں نے گزشتہ دو ہفتوں میں قاہرہ کا سفر کیا ہے۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق مصر کے ایک باخبر ذریعے نے غزہ پٹی کی صورتحال کے حوالے سے مصر کے ذمہ دار حکام اور صیہونی کابینہ کے درمیان سیکورٹی مذاکرات کے بارے میں اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ یہ مذاکرات مشترکہ فوجی اور سیکیورٹی کمیٹی کے درمیان تقریباً دو ہفتے قبل دونوں فریق کے درمیان انجام پائے۔
یہ مذاکرات مشترکہ سرحدی علاقے کی سکیورٹی اور کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے مطابق پروگراموں سے متعلق ہیں۔
قطری اخبار العربی الجدید نے یہ خبر شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان مذاکرات میں غاصب صیہونی حکومت کے اہلکاروں نے درخواست کی کہ شمالی سینا صوبے اور غزہ پٹی کے درمیان سرحدی پٹی کو محفوظ بنانے سے متعلق ایک پرانے منصوبے کو بحال کیا جائے جبکہ اس کے علاوہ مصر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے درمیان سرحدی علاقے کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، دو ہفتے قبل سے ہی اسرائیلی سیکورٹی حکام اس سلسلے میں مصری حکام کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں جو قاہرہ کی ثالثی میں تل ابیب اور غزہ پٹی میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے متوازی ہے۔
یہ مذاکرات اسرائیل کی طرف سے اس منصوبے کو بحال کرنے کی تجویز پر ہیں جو سابق صدر محمد حسنی مبارک کے دور حکومت کے اختتام پر پیش کیا گیا تھا جس میں سرحدی پٹی کے ساتھ جدید ترین حفاظتی انتظامات اور اقدامات شامل ہیں۔