غزہ پر صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری، چوبیس گھنٹے میں 147 فلسطینی شہید اور 243 زخمی
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں جارح صیہونی حکومت کے حملوں میں مزید فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں چودہ مرتبہ جارحانہ حملے کئے ہیں اور ان حملوں میں ایک سو سینتالیس فلسطینی شہید اور دو سو تینتالیس زخمی ہوگئے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق سات اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک شہداء کی تعداد تیئیس ہزار تین سو ستاون اور زخمیوں کی تعداد انسٹھ ہزار چارسو دس ہوگئی ہے۔ اس وزرات کے اعلان کے مطابق ابھی بھی بہت سی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے جنوبی غزہ میں واقع ایک گھر کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں پندرہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے۔ غزہ کے مرکز میں واقع المغازی کیمپ پر بھی گولہ باری میں چار فلسطینی شہید ہوگئے۔