Jan ۱۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت کی غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹوں کے مطابق صیہونی حکومت نے سنیچر کی صبح غزہ کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ میں بےگھر ہونے والے فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر بمباری میں کم سے کم دس فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جمعے کو بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے حملوں میں ایک سو اکیاون فلسطینی شہید اور دو سو اڑتالیس زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے جمعے کی رات اعلان کیا ہے کہ غزہ پر تین ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تئیس ہزار سات سو آٹھ ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں ميں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساٹھ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہزاروں افراد غزہ ميں منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں جن کے زندہ ہونے کا امکان تقریبا معدوم ہوچکا ہے۔ غزہ ميں صیہونی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں ستر فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔

ٹیگس