غزہ پر وحشیانہ صیہونی بمباری، چوبیس گھنٹے میں 132 فلسطینی شہید، شہدا کی تعداد 24100 ہوگئی
غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شہدائے غزہ کی تعداد چوبیس ہزار ایک سو سے تجاوز کرگئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے پیر کی شام بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں بارہ جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی حملوں میں ایک سو بتیس فلسطینی شہید اور دو سو باون زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نئی شہادتوں کے بعد سات اکتوبر سے غزہ پر شروع ہونے والے صیہونی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینی کی تعداد چوبیس ہزار ایک سو سے زیادہ اور زخمیوں کی تعداد ساٹھ ہزار آٹھ سو سے تجاوز کرگئی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں جن کے لئے سمجھا جاتا ہے کہ صیہونی فوج کی بمباریوں میں شہید ہوگئے ہیں اور ان کے جنازے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ، زخمی اور لاپتہ ہونے والوں میں ستر فیصد بچے اور خواتین ہیں۔