محمد عبدالسلام: امریکہ ہمارا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ڈال کر سیاسی اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے
یمنی حکومت کے ترجمان نے تحریک انصاراللہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ڈالنے کے امریکی فیصلے کے بارے میں کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات ملت فلسطین کی حمایت میں رکاوٹ نہيں ڈال سکتے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان محمد عبدالسلام نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمارا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ڈال کر سیاسی اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بحراحمر میں جو کچھ کیا ہے وہ غزہ کی جنگ روکنے کے لئے ایک قسم کا دباؤ ہے اور امریکہ کا اقدام فلسطینیوں کی حمایت کے لئے ہمارے عزم محکم کو توڑ نہيں سکتا۔ محمد عبدالسلام نے کہا کہ ہمارے خلاف واشنگٹن کے فیصلے کا کوئی نتیجہ نہيں نکلے گا اور ہم ملت فلسطین کی حمایت کرنے کے اپنے موقف سے پیچھے نہيں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا حالیہ فیصلہ ہمیں ملت فلسطین کی حمایت کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ واشنگٹن، تحریک انصاراللہ کو اپنی دہشتگرد گروہوں کی فہرست میں ڈال رہا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق، اس فیصلے پر اس کے اعلان کے تیس دن بعد یعنی سولہ فروری سے عمل درآمد شروع ہوگا۔