Jan ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • حزب اللہ لبنان: اگر صیہونی حکومت جنگ کو بڑھانا چاہے گی تو اسے زوردار طمانچہ لگایا جائےگا

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے صیہونی دشمن کو لبنان کے خلاف مہم جوئی کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے زور دے کر کہا اگر دشمن نے لبنان کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کئے تو اسے منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: النشرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائيلی حکومت، فلسطین، لبنان، عالم عرب اور مسلمانوں کی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ہولناک ظلم کے خلاف حق اور استقامت کی حمایت کےلئے فلسطینی استقامت کے شانہ بشانہ کھڑے ہيں اور اس کا مطلب، فلسطین، لبنان اور استقامت کی مدد اور اسرائیل کی نابودی ہے۔ انہوں نے جنگ غزہ میں امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ امریکہ کی ہری جھنڈی سے جاری ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے غزہ جنگ کا موجودہ راہ حل صرف اس کے بند ہونے کو قرار دیا اور کہا کہ یہ راہ حل اور اس کا طریقہ کار غزہ سے شروع ہوتا ہے لبنان سے نہيں اور جو لوگ ہم سے چاہتے ہیں کہ ہم جنگ بند کردیں میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم فلسطینی استقامت کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس فریق نے جنگ شروع کی ہے اس سے کہو کہ جنگ روکے۔ انہوں نے حزب اللہ کو دھمکانے کو لاحاصل قرار دیا اور کہا کہ اگر صیہونی حکومت جنگ کو بڑھانا چاہے گی تو اسے زوردار طمانچہ لگایا جائے گا اور ناقابل فراموش سبق سکھایا جائے گا کیونکہ دشمن جانتا ہے کہ مقابلہ آرائی اور جواب بھی بہت وسیع ہوگا۔

ٹیگس