عراق، عین الاسد پر پھر ڈرون حملہ
عراق میں امریکی فوجی اڈے عین الاسد پر ڈرون حملے کی اطلاع ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراقی میڈیا صابرین نیوز نے جمعے کے روز اطلاع دی ہے کہ عین الاسد بیس میں امریکی فوجی ٹھکانے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے جمعے کے روز شمالی عراق میں امریکی فوجی اڈے پر ایک اور فضائی حملے کی اطلاع دی ہے۔
عراقی میڈیا صابرین نیوز نے بریکنگ نیوز میں بتایا ہے کہ عین الاسد اڈے میں امریکی ٹھکانے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔
ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور ممکنہ جانی اور مالی نقصانات سمیت اس خبر کی مزید تفصیلات تاحال شائع نہیں کی گئی ہیں۔
عراق کی اسلامی مزاحمت نے اب تک شام کے مشرق اور شمال مشرق میں اور عراق کے مغرب اور شمال میں امریکی اڈوں کو درجنوں بار ڈرون اور راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔
عراقی مزاحمت، غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کا اصل ذمہ دار امریکہ کو سمجھتی ہے اور اس نے تاکید کی ہے کہ جب تک غزہ پر جارحیت بند نہیں ہو جاتی وہ اپنے حملے جاری رکھے گی۔