Feb ۱۰, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • جنوبی لبنان پر اسرائیل کا پھر ڈرون حملہ، ریسکیو ٹیمیں پہنچیں

جنوبی لبنان میں ایک اور کار پر اسرائیل نے ڈرون حملہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا جس کے بعد زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی میڈیا نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب میں سنیچر کی دوپہر  کو یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اس کے تھوڑی ہی دیر بعد المیادین چینل نے جنوبی لبنان میں اپنے نامہ نگار کے حوالے سے اطلاع دی کہ اسرائیلی ڈرون نے جدرا علاقے میں ایک کار کو نشانہ بنایا۔

اطلاع ملتے ہی لبنانی ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں کوئی تفصیلی اطلاع نہیں ہے۔

اس رپورٹ کے ساتھ ہی المیادین نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے جنوبی لبنان کے علاقے ام التوت اور مروحین علاقوں پر حملہ کیا۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب اس سے چند گھنٹے قبل مقامی لبنانی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے جنوبی لبنان کے علاقے کونین پر حملہ کیا۔

اس حملے سے قبل ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے علاقے "الخیام" کے نواحی علاقوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 شامی کسان زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس