Mar ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کا امریکی بحری جہازوں پر سب سے بڑا حملہ، 37 ڈرون طیاروں نے آپریشن میں حصہ لیا

یمنی فوج نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں امریکی جہازوں پر ڈرون اور میزائلی حملوں کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے بتایا ہے کہ خلیج عدن میں ایک آپریشن میں امریکا کے پروپل فارچون بحری جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں ایک دوسرے آپریشن میں امریکی فوج کے متعدد جنگی بحری جہازوں پر ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا ۔

یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں سینتیس ڈرون طیاروں نے حصہ لیا ہے۔

امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹکام نے اپنے جہازوں پر یمن کے تازہ حملوں کا اعتراف کیا ہے۔ سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے سنیجر کی صبح بڑا ڈرون حملہ کیا ہے۔

سنٹکام نے اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ ہم نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے بحیرہ احمر میں یمن کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

یمنی فوج ، گذشتہ کئی مہینوں سے فلسطینی استقامت اورغزہ کے عوام کی حمایت میں باب المندب اور بحیرہ احمر سے اسرائیل اور اسرائيلی بندرگاہوں کی جانب جانے والے بحری جہازوں کو حملے کا نشانہ بنا رہی ہے۔

یمن کی فوج نے عہد کر رکھا ہے کہ جب تک غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملے بند نہیں ہوں گے اس وقت تک اسرائیل یا اسرائیلی بندرگاہوں کی جانب جانے والے بحری جہازوں کو گزرنے نہيں دے گی اور اپنے حملے جاری رکھے گی۔

یمنی فوج نے تاکید کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ صیہونی حکومت یا اس کی بندرگاہوں کی جانب جانے والے بحری جہازوں کے علاوہ تمام بحری جہازوں کی آمد و رفت آزاد ہے اور انہیں پورا تحفظ حاصل ہے۔

ٹیگس