امریکہ کی فوجی جارحیت جاری رہنے پر یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن کا انتباہ
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے امریکہ کی فوجی جارحیت جاری رہنے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم امریکہ کا استقبال پھولوں سے نہیں کرسکتے کہ جو ہماری زمینوں اور پانیوں میں تباہی پھیلا رہا ہے، بلکہ اس کو تو قتل اور سزا کا سامنا کرنا چاہیے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے مزید کہا کہ ہم اپنے علاقے سے امریکیوں کو فوجی انتباہ دے رہے ہیں اور یہ تاکید کرتے ہيں کہ ہمارے بلند حوصلے ان کو پست اور مغلوب کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے پہاڑ اور صحرا امریکیوں کے قبضے کی جگہ نہیں ہیں اور ہمارے جاں بکف اور دلیر عوام اپنی سرزمینوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور تمہیں شکست و ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہيں آئے گا۔
المسیرہ چینل نے اتوار کو ایک رپورٹ میں کہا ہےکہ امریکہ اور برطانیہ کے جارح جنگي طیاروں نے صوبۂ تعز میں واقع التعزیہ علاقے کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشن ایجنسی نے اتوار کی صبح یمن کے جنوب میں واقع مشرقی صوبے عدن کے پانیوں کے قریب ایک واقعہ رونما ہونے کے بارے میں خبر دی تھی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشن ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ اسے یمن کے صوبہ عدن کے مشرق میں پچاسی سمندری میل کے فاصلے پر ایک واقعے کی اطلاع ملی ہے۔گذشتہ مہینوں میں غزہ کے عوام کی حمایت میں یمنی مسلح افواج نے صیہونی حکومت کے متعدد بحری جہازوں یا اس حکومت کے لیے سامان لے جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جو بحیرہ احمر، بحر ہند اور آبنائے باب المندب کے راستے، مقبوضہ علاقوں کی طرف جا رہے تھے۔
یمنی مسلح افواج نے کہا ہے کہ جب تک اسرائیلی حکومت غزہ پر اپنے حملے اور اس علاقے کے لوگوں کا قتل عام بند نہیں کرتی، وہ اس حکومت کے بحری جہازوں یا مقبوضہ علاقوں کی طرف جانے والے صیہونی حکومت کی اتحادی افواج کے بحری جہازوں پر بھی حملے جاری رکھیں گی۔