Mar ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • بحیرۂ احمر میں اسرائیل مخالف کارروائیاں جاری رہیں گی: یمن

یمن کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت جاری رہنے تک بحیرۂ احمر میں اسرائیل مخالف یمنی فوجی کارروائیاں بھی جاری رہيں گی۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: یمن کی وزارت خارجہ نے بحیرۂ احمر میں مسلح افواج کی کارروائیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کو مستر کردیا ہے۔ یمن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ جب تک غزہ میں صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت جاری رہے گی اس وقت تک بحیرۂ احمر میں اسرائیل مخالف یمنی فوجی کارروائیاں بھی جاری رہيں گی۔

یمن کی نیشنل سالویشن فرنٹ حکومت کی وزارت خارجہ نے بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں غزہ کی حمایت میں یمن کی مسلح افواج کی کارروائیوں کی سلامتی کونسل کی جانب سے مذمت پر افسوس ظاہر کیا۔ یمن کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں یمن کی فوجی کارروائیوں کے بارے میں سلامتی کونسل کے بیان سے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیتوں کی حمایت کی امریکی خواہش کے سامنے سلامتی کونسل کے جُھک جانے کا پتہ چلتا ہے۔

یمنی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نہایت شرمناک بات ہے کہ سلامتی کونسل، غزہ کے بچوں اور عورتوں کے خلاف صیہونی دشمن کے تقریبا دو سو دن سے روزانہ انجام دیئے جانے والے قتل عام کی مذمت میں بیان نہیں جاری کرسکی ہے لیکن اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی اس نے مذمت کی ہے۔ یمن کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو چاہئے تھا کہ وہ امریکہ کو غاصب صیہونی حکومت کو ہتھیار فراہم کرنے سے روکتی کہ جس سے غزہ کے ہزاروں افراد کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے پیر کی رات ایک بیان جاری کرکے بحیرہ احمر میں صیہونی حکومت اور اس کےحامیوں کے بحری جہازوں پر یمنی افواج کے حملوں کی مذمت کی ہے۔

ٹیگس