روزہ دار فلسطینی خاک و خون میں غلطاں، دنیا خاموش
غزہ پرغاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو پانچ ماہ بیس دن ہوچکے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں۔
غزہ سے موصولہ تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ غذائی امداد کے حصول کے لئے لائن میں کھڑے مظلوم فلسطینی عوام پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ گولہ باری میں درجنوں فلسطینی خاک و خون میں غلطاں ہوگئے ۔
بتایاگیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے تازہ وحشیانہ حملے میں کم سے کم انیس فلسطینی شہید اور تیئيس زخمی ہوگئے ہیں ۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے پیش نظر شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
شمس نیوز ویب سائٹ نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے جنوبی غزہ کے الکویت اسکوائر پر فلسطینیوں پر بمباری کی ہے۔غزہ کے سیول ڈیفنس ترجمان محمد بازال نے بھی بتایا ہے کہ فلسطینی شہری اپنے لواحقین، عورتوں اور بچوں کے لئے کھانے پینے کی اشیا لے جارہے تھے کہ صیہونی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کردی ۔غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اسی طرح الشفا اسپتال کے ایک حصے کو نذر آتش کردیا ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ الشفا میڈیکل کمپلکس سے ملحقہ متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی مسمار کردیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شہر رفح کے مشرق میں واقع الجنینہ نامی علاقے میں ایک گھر پر بمباری کردی جس میں اس گھر کے کم سے کم سات افراد شہید ہوگئے ۔غاصب صیہونی فوجیوں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس پر بھی شدید حملے کئے ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شہر خان یونس کے مضافات میں ناصرنامی اسپتال پر بھی صیہونی فوجیوں نے گولہ باری کی ہے۔
فلسطین کی ہلال احمر نے بھی بتایا ہے کہ خان یونس کے الامل اسپتال پر گولہ باری میں اس کے متعدد کارکن بھی شہید ہوئے ہیں۔
صیہونی فوج کے توپخانے نے البریج اور الجدید نامی کیمپوں پر بھی شدید گولہ باری کی ہے۔
غزہ کے خلاف جارح صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بتیس ہزار ایک سو بیالیس ہوگئی ہے ۔
یاد رہے کہ غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے سنیچر کی شام اعلان کیا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ستر فلسطینی غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہوئے ہيں جس کے بعد اب شہداء کی تعداد بتیس ہزار ایک سو بیالیس ہوگئی ہے- اسی طرح چوہتر ہزار چار سو بارہ فلسطینی اس مدت میں زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق غزہ میں صیہونی حکومت کے حملوں میں، زراعت کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے اس طرح سے کہ اس علاقے کی زمینیں قابل زراعت نہيں رہی ہیں ۔
قدس نیوز ایجنسی نے بھی الشفا میڈیکل کمپلکس کے مضافات میں رہائشی عمارتوں کو تباہ کرنے کی تصاویر شائع کی ہیں۔