Mar ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں کم از کم 14 ہزار فلسطینی بچے شہید

اطلاعات کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی پر وحشیانہ اسرائیلی جارحیت میں کم از کم 14 ہزار فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع "کمال عدوان" اسپتال کے ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کی بڑی تعداد ناقص غدا اور پانی کی کمی کا شکار ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 27 بچے غذائی قلت اور پانی کی کمی کی وجہ سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کمال عدوان اسپتال کے ایک ڈاکٹر الحکیم احمد آل علی کے مطابق خشک دودھ کی کمی اور پانی کی شدید کمی کی وجہ سے بچوں کو موت کا خطرہ لاحق ہے۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ روز اور رات کو غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 68 افراد شہید ہوئے۔

ایک اور خبر یہ ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع "قلندیا" کیمپ پر حملے کے دوران فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اطلاعات کے مطابق صیہونیوں کی اس کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

فلسطینی نوجوانوں نے قلندیا کیمپ پر حملے کے دوران صہیونی فوج کی گاڑیوں اور ساز و سامان کو دیسی بموں سے بھی نشانہ بنایا۔

"القدس" ٹی وی چینل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں فلسطینی نوجوانوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع علاقے "العوجا" کے قریب صیہونی آبادکاروں کو لے جانے والی 2 کاروں اور ایک بس کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی میڈیا نے بھی اس کارروائی میں 10 صیہونی آباد کاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے اور زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

 

ٹیگس