Apr ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور سعودی عرب سمیت عالمی سطح پر دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر غاصب اسرائیل کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت

دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت جاری ہے ۔

 سحر نیوز/ عالم اسلام: روس ، پاکستان ، سعودی عرب ، کویت ، عراق، عمان اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے بھی غاصب صیہونی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے دمشق میں ایران کے قونصلر سیکشن پر صیہونی حکومت کے حملے کی سخت مذمت کی ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں اپنے اس طرح کے ناقابل قبول اقدامات کو روکے ۔ روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ضروری ہے کہ عالمی برادری کے تمام ذمہ دار اراکین موقف اختیار کريں اور اسرائیلی حکومت کے اقدامات پر کھل کر مناسب قانونی اقدامات پر غور کریں۔

روس نے تل ابیب سے سختی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام اور دیگر پڑوسی ممالک میں اشتعال انگيز فوجی اقدامات سے دست بردار ہوجائے جن کے پورے علاقے کے لئے نہایت خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہيں ۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا نے بھی دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر شعبے پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کا یہ غیرذمہ دارانہ اقدام علاقے میں بڑی کشیدگی پر منتج ہوسکتا ہے۔

ممتاز زہرا نے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر کے شعبے کی عمارت پر صیہونیوں کے حملے کو شام کے اقتدار اعلی کی ناقابل قبول خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے شام کا استحکام و سیکورٹی کمزور ہوگی ۔

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقے میں اسرائیل کی مہم جوئی، پڑوسیوں پر حملے اور غیرملکی سفارتی مراکز کو نشانہ بنانے کے غیرقانونی اقدامات کو روکے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی منگل کی صبح اپنے ایک بیان میں دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام شام کے اقتدار اعلی اور سفارتی تحفظ کے سلسلے میں بین الاقوامی کنونشنوں اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

کویت کی وزارت خارجہ نے بھی صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور عالمی برادری و سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقے کے امن و استحکام کے تحفظ کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

عراق کی وزارت خارجہ نے بھی شام میں ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش اسرائیلی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عمان کی وزارت خارجہ نے بھی پیر کی رات ایک بیان جاری کر کے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش صیہونی حکومت کے میزائلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس دہشتگردانہ اقدام کو شام کے اقتدار اعلی اور سفارتی مراکز کو حاصل تحفظ کے سلسلے میں تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

عمان کی وزارت خارجہ نے علاقے میں کشیدگی روکنے اور امن و استحکام کو درہم برہم کرنے والے تمام حملوں اور اقدامات کو روکنے کی ضرورت پر تاکید کی ۔

دریں اثنا عمان کے وزیرخارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے بھی ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ٹیلی فونی گفتگو کی ۔ عمان کے وزیرخارجہ نے دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی تعزیت پیش کی اور اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔

ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے غزہ پٹی کی تازہ ترین صورت حال کا بھی جائزہ لیا اور قاتل صیہونی حکومت کے جرائم اور جنگ کا سلسلہ فورا بند کرانے اور غزہ پٹی کے عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی ضرورت پر تاکید کی۔

حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان میں دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ اس حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ٹیگس