صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کے میزائلوں کی بارش
حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے اہداف پر میزائلوں کی بارش کردی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: شمالی مقبوضہ فلسطین کے، صفد، بیریہ، کرم بن زمرہ، علما، روش بینا، حتسور، ہجلیلیت، وینیز ڈلٹن، عموقہ، کادیتا اور الریحانہ نامی علاقوں پر صیہونی حکومت کے اہم فوجی اور اسٹریٹیجک اہداف پر میزائلی حملے کئے ہیں۔
صیہونی میڈيا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے شہر صفد میں حزب اللہ کے میزائلی حملے کے بعد بجلی کٹ گئی۔ صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ کچھ دیر پہلے حزب اللہ لبنان کے میزائلی حملے بہت سنگین تھے۔ اس رپورٹ کے مطابق شہر بیریہ میں بھی حزب اللہ کے میزائلی حملے کے بعد بجلی کٹ گئی اور بعض علاقوں میں آگ لگ گئی۔
صیہونی میڈیا کے مطابق حزب اللہ لبنان کے میزائلی حملوں کے بعد بیریہ، صفد، اور عین زیتیم سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔ صیہونی ذرائع کے مطابق حزب اللہ نے صفد پر چالیس میزائل داغے ہیں۔ المیادین کے رپورٹر نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے جلیل العلیا پر بھی سنگین میزائلی حملے کی خبر دی ہے۔