استقامتی محاذ کے مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے مابین جھڑپیں، 12 صیہونی فوجی زخمی
صیہونی فوج نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں اپنے بارہ فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج نے جمعے کو اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں غزہ پٹی میں فلسطینی استقامت اور شمالی مقبوضہ فلسطین میں حزب اللہ کے جوانوں کے ساتھ جنگ میں اپنے مزید فوجیوں کی ہلاکت و زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے جمعے کو ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس کے بارہ فوجی غزہ کے مختلف علاقوں میں زخمی ہوئے ہيں ۔ ان کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر چار ہزار دو سو چوراسی صیہونی فوجی افسر اور اہلکار زخمی ہو چکے ہيں جن میں دو ہزار ایک سو نوے صیہونی فوجی غزہ کے مختلف علاقوں میں زمینی جنگ ميں نشانہ بنے ہيں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دو سو تیرہ زخمی صیہونی فوجی بدستور زیرعلاج ہیں اور ان میں سے انتیس کی حالت نازک ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک چھے سو نواسی صیہونی فوجی ہلاک ہوچکے ہيں۔