دہشتگرد اسرائیلی فوجیوں کے ٹھکانوں پر حزب اللہ کے حملوں کا سلسلہ جاری
Sep ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان نے صیہونی فوجی کی "گولانی" بریگیڈ کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا کہ غزہ پٹی کے عوام اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت اور اسی طرح لبنان کے شہریوں کے گھروں کے خاص طور پر فرون علاقے پر صیہونی فوج کی حالیہ جارحیت کے جواب میں کاتیوشا میزائلوں سے " جبل نیریا" چھاونی کو نشانہ بنایا گیا۔
اس بیان کے مطابق جبل نیریا چھاونی صیہونی فوج کی گولانی بریگیڈ کا ہیڈ کوارٹر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حزب اللہ لبنان نے گزشتہ روز بھی ایک بیان جاری کرکے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع المطلہ کالونی میں صیہونی فوجیوں کی عمارتوں اور معیان باروخ اور زيدین چھاونیوں کو ڈرون اور میزائل سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔