Sep ۱۴, ۲۰۲۴ ۲۲:۲۱ Asia/Tehran
  • عرب حکومتوں اور لیڈروں کا د‏شمنوں جیسا رویہ، ‏غزہ میں ہونے والے جرائم میں امریکہ برابر کا گناہگار: الحوثی

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی دشمن کا ساتھی ہے اور اگر امریکہ نہ ہوتا تو صیہونی حکومت اس قسم کے جرم کا ارتکاب نہ کرتی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے پیغمبر اسلام (ص) کے یوم ولادت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت اسلامیہ کو مختلف طریقوں سے دشمنوں کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے وجود کو خطرات لاحق ہیں۔

انصار اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کفار اور منافقوں کو روکنے اور ان کی سازشوں کو شکست دینے کا واحد راستہ جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی راہ میں جہاد کا حکم پیغمبر اسلام کے مشن کا ایک حصہ تھا۔

بدرالدین الحوثی نے کہا کہ اس حکم سے مذہبی فریضہ کے طور پر جہاد کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ کی نجات سوائے خدائے تعالیٰ کی ہدایات پر عمل کرنے کے جس میں صحیح قرآنی تصورات پر مبنی جہاد اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم اور آپ کے طریقہ جہاد سے استفادہ کرنا شامل ہے ممکن نہیں۔

سید عبدالملک الحوثی نے فلسطینی قوم کی نسل کشی کے خلاف مسلمانوں کے موقف کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ دشمن، فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں اور ان مقامات کو تباہ کن امریکی ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہا ہے جنہیں خود اس نے محفوظ قرار دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض عرب حکومتوں اور لیڈروں کا موقف، فلسطینیوں کے قتل میں صیہونی دشمن کے ساتھ تعاون کے مترادف ہے۔

 

ٹیگس