غزہ پر دہشتگرد صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری، تازہ حملوں میں درجنوں شہید اور زخمی
صیہونی فوجیوں نے آج بھی غزہ پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھتے ہوئے دسیوں فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوج نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کے لئے دو بار بڑے حملے کئے ہیں جن کے دوران کم سے کم بیس فلسطینی شہید اور چوّن دیگر زخمی ہوگئے۔ صیہونی دشمن نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات اور بے گھر ہونے والے پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بھی بمباری کی جن میں مزید فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔
العالم کے مطابق صیہونی دشمن نے فضائی بمباری اور گولہ باری کے ساتھ ساتھ رفح کے کئی محلوں میں زمینی جارحیت بھی کی جس میں کئی فلسطینی شہید ہوگئے۔
سات اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی خونخوار صیہونی حکومت کی دہشتگردی کے بعد سے اب تک اکتالیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور تقریبا ایک لاکھ زخمی ہو چکے ہیں مگر غزہ کے عوام اپنے حقوق کی بازیابی اور صیہونی دشمن کو اپنی سرزمینوں سے نکال باہر کرنے کے لئے ڈٹے ہوئے ہيں۔