اسرائیل کی دہشتگردانہ کارروائیاں تباہ کن علاقائی جنگ کا باعث بن سکتی ہیں: لبنانی وزیر خارجہ
لبنان کے وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات کی وجہ سے اس کونسل کی ساکھ کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب نے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا نوٹس نہیں لیا گیا اور اس کے مرتکبین کو نظر انداز کیا گیا تو اس کونسل کی ساکھ شدید خطرے میں پڑ جائے گی۔
لبنانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کیا کسی ملک کے شہروں، بازاروں، دکانوں اور گھروں میں موجود لوگوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی نہیں ہے؟
بو حبیب نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کے حملوں نے لبنان کے اسپتالوں اور طبی ٹیموں کو غیر معمولی ہنگامی صورتحال سے دوچار کردیا ہے - انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں مواصلاتی آلات کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھماکے کرنا، جنگ کا ایک ایسا طریقہ ہے جس کی سفاکیت اور دہشت گردی میں مثال نہیں ملتی۔
لبنانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ خالص دہشت گردی ہے اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جو بلاشبہ جنگی جرم شمار ہوتا ہے-
بوحبیب نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے جو تازہ جارحانہ دہشتگردانہ کارروائیاں کی ہیں وہ تباہ کن علاقائی جنگ کا باعث بن سکتی ہیں ۔ آخر میں لبنانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یا تو سلامتی کونسل اسرائیل کو تمام محاذوں پر جارحیت اور جنگ بند کرنے پر مجبور کرے یا پھر ہمیں ایک بڑے دھماکے کا مشاہدہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے-