مزاحمتی محاذ کے حملوں میں شدت، صیہونیوں میں افراتفری مچ گئی
غاصب صیہونی دشمن کے جارحانہ اقدامات میں شدت کے بعد مزاحمتی محاذ کے جوابی حملوں میں بھی شدت آگئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کی اسلامی مزاحمت نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی اہداف کے خلاف پانچ آپریشن کئے جن میں تازہ ترین اقدام میں انہوں نے شام کے مقبوضہ جولان کے قریب طبریا تالات کے اوپر دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ڈرون بھیجا جس کے بعد علاقے میں خطرے کے سائرن کی آوازیں گونجنے لگیں۔ صیہونی روزنامہ ہیوم نے عراقی مزاحمت کے اس حملے کا اعتراف کیا ہے۔
اس سے قبل عراقی مزاحمتی تنظیم نے دو مرتبہ حیفا کی جانب اپنے ڈرون بھیجے تھے جبکہ ایک ڈرون آپریشن فلسطین کے مغربی کنارے کے غور اردن علاقے میں انجام دیا۔ اس سے پہلے حزب اللہ لبنان کی جانب سے خبر آئی تھی کہ اُس نے صیہونی دشمن کے خلاف سات اکتوبر کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا آپریشن کیا تھا جو پہلی بار مقبوضہ فلسطین کے اندر ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر انجام پایا۔
حیفا کے قریب واقع اسلحہ ساز کارخانے رافائل کو نشانہ بناتے ہوئے پیر کی شب حزب اللہ نے دو گھنٹوں کے اندر ایک سو دس میزائل داغے جس کے بعد مقبوضہ فلسطین کے اس علاقے میں خاصی تباہی مچ گئی۔