Sep ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • عالمی اداروں کی ڈرامائی خاموشی نے اسرائیل کو گستاخ بنا دیا

صیہونی حکومت نے لبنان کے مختلف علاقوں منجملہ بیروت کے ضاحیہ علاقے پر آج بھی وحشیانہ حملے کئے جن میں تیرہ لبنانی اور شامی شہری شہید ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیہ اور اسی طرح لبنان کے مختلف علاقوں شقرا، بعلبک مرجعیون العین اور البقاع سمیت متعدد شہروں اور علاقوں پر وحشیانہ ہوائی حملے کئے ہیں ۔

لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ طیردیا کے علاقے میں شہری دفاع کے مرکز پر صیہونی حکومت کے ہوائی حملے کے نتیجے میں چار افراد شہید اور متعدد ديگر زخمی ہوگئے۔

المیادین کے نامہ نگار نے بھی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ لبنان کے بعلبک علاقے پر جارح صیہونی حکومت کی بمباری میں نو شہری شہید ہوئے ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے آج صبح سے متعدد بار شام کی سرحدوں تک لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے، گزشتہ دنوں بھی اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے میزائل لانچ پلیٹ فارم سمیت حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے درجنوں اہداف پر بمباری کی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت نے بھی ہفتے کے روز لبنان کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں تینتیس شہریوں کے شہید اور دو سو کے قریب کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ لبنان پر گذشتہ پیر کے روز سے شروع ہونے والے صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے نتیجے میں سات سو تراسی لبنانی شہری شہید اور دو ہزار تین سو بارہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ صہیونی فوج نے پیر 23 ستمبر سے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر اپنے حملے شروع کر دیے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ٹیگس