جارح اسرائیلی فوج کی عمارتوں، اسکولوں اور طبی مراکز پر وحشیانہ حملے، شہداء میں عورتیں اوربچے بھی شامل
غزہ کے عام شہریوں اور مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق غزہ کے عام شہریوں اور مظلوم عوام کے خلاف مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے وحشیانہ حملوں میں آج بھی رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنایا گیا جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی شہری شہید و زخمی ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کل بھی چوراسی فلسطینی عام شہری شہید ہوئے تھے جن میں پچاس سے زائد صرف بچے شامل رہے ہیں۔
شمالی غزہ میں بھی فلسطینیوں کی نسل کشی گذشتہ اٹھائیس روز سے جاری ہے۔ فلسطینی ذرائع نے بھی غزہ کے النصیرات کیمپ پر صیہونی جنگی طیاروں کی وحشیانہ جارحیت میں تین فلسطینیوں کی شہادت اور دسیوں دیگر کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
تل زعتر پر بمباری میں بھی خاصی بڑی تعداد میں فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں ۔ شمالی غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے حامل الرافعی اسکول پر حملے میں بھی متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں۔