اسرائیل کے وحشیانہ حملوں اور جارحیت کا سلسلہ جاری
صیہونی حکومت آج بھی علاقے کے باشندوں پر اپنے وحشیانہ حملوں اور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: العربی الجدید کی رپورٹ کے مطابق آج جنگ غزہ تین سو اٹھانوے دن میں داخل ہوچکی ہے اور آج بھی غزہ کے مختلف علاقوں خصوصا شمالی علاقوں پر صہیونی حکومت کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی بھی مقام اور شخص صیہونیوں کے حملے سے محفوظ نہیں ہے۔ ان حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
ہسپتال کےذرائع کا کہنا ہے کہ النصیرات پناہ گزیں کیمپ میں ایک گھر پر کئے جانے والے حملے میں دو فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں سے ایک بچہ تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع فلسطینی اسٹیڈیم کےقریب عام شہریوں کے اکٹھا ہونے کے مقام پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں بھی چار فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔
الاقصیٰ مقامی چینل نے بھی شمالی غزہ میں واقع تل الزعتر میں مسجد حیفا کے قریب فلسطینیوں کے ایک اجتماع پر اسرائیل کے فضائی حملے میں پانچ فلسطینیوں کے شہید ہونے کی خبر دی ہے۔