Nov ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • غزہ میں ظلم کی ساری حدیں پار، شہدا کی تعداد 44 ہزار کے نزدیک

فلسطین کی وزارت صحت نے آج اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تینتالیس ہزار چھے سو تین ہو گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت نے تین بار جارحیت کا ارتکاب کیا جس میں اکیاون فلسطینی شہید اور ایک سو چونسٹھ دیگر زخمی ہوئے۔  ان شہدا کی تعداد ملا کر غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر تینتالیس ہزار چھے سو تین ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ دو ہزار نو سو انتیس دیگر زخمی ہو چکے ہیں ۔

شہید اور زخمیوں کی تعداد میں ایسی حالت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور صیہونی حکومت نے اپنے تازہ حملے میں غزہ کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپ میں پرانی سڑک کو نشانہ بنایا ہے جہاں بتیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں تیرہ بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب انروا کے سربراہ لازارینی نے غزہ کے شمالی علاقوں کی صورت حال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان علاقوں میں صیہونی حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے دوران نسل کشی اور نسلی تطہیر کے واقعات کے بعد اب ان علاقوں میں شدید بھوک مری کا بھی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔

 

ٹیگس