صیہونی حکومت نے عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے کو پائوں تلے روند ڈالا
غزہ پر غاصب صیہونی ٹولے کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے اعلیٰ حکام کے خلاف عالمی فوجداری عدالت آئی سی سی کے فیصلے اور احکامات بھی تاحال اُسے جرائم کے ارتکاب سے روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ غاصب صیہونی ٹولہ بدستور غزہ میں نشل کشی کے اپنے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے جس کے نتیجے میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ غزہ پٹی میں شہیدوں، زخمیوں اور لاپتہ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
غزہ کے خلاف صیہونی دہشتگردی کو شروع ہوئے چار سو چودہ روز گزر چکے ہیں ۔ گزشتہ گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشتگردوں نے غزہ کے الزیتون، النصیرات کیمپ اور خان یونس کے شیخ ناصر علاقوں میں کئی رہائشی عمارتوں پر بم گرائے جن میں کم از کم چھے فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسکے علاوہ صیہونیوں نے بیت لاہیا کے کمال عدوان اسپتال پر ایک بار پھر اپنے ڈرون طیاروں سے بمباری کی ۔
جمعرات کے بعد سے اس اسپتال پر صیہونیوں کا یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس حملے میں ایک نرس اور کچھ بیماروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ دوسری جانب غزہ کے جبالیا کیمپ سے اطلاعات ہیں کہ صیہونی دہشتگردوں نے وہاں کئی رہائشی عمارتوں کو بموں سے اڑا کر زمیں بوس کر دیا ہے۔