Jan ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • حماس کا اعلان: صیہونی قیدی زندہ اسی وقت واپس جائیں گے جب قیدیوں کے تبادلے پر معاہدہ ہو گا

حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لئے صہیونی حکومت کو باقاعدہ معاہدہ کرنا ہوگا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے الجزائر کے دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے لیے مخصوص اصول موجود ہیں، جن پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔ انہی اصولوں کے مطابق ہی صیہونی یرغمالیوں کو رہائی مل سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یقینی طور پر صیہونی قیدی زندہ اسی وقت واپس جائیں گے جب قیدیوں کے تبادلے پر معاہدہ ہو گا۔ نیتن یاہو اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں غزہ میں صیہونی قیدیوں کی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔ وہ ان قیدیوں کو آزاد نہیں کرنا چاہتے بلکہ ان کی موت کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ صیہونی قیدیوں کی رہائی کے نتیجے میں فلسطینی قیدیوں کو بھی آزادی ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ اہم نہیں کہ صیہونی حکومت کیا چاہتی ہے، ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ جارحیت کا خاتمہ ہو اور صیہونی فوج غزہ کی پٹی سے باہر نکلے۔ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور غزہ میں جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے اور تعمیر نو پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

حماس کے سینئر رہنما نے کہا ہے کہ صیہونی وزیر اعظم معاہدے تک پہنچنے کے خواہاں نہیں ہیں بلکہ وقت ضائع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی فوج شمالی غزہ میں بھاری نقصان اٹھا چکی ہے اور مزاحمت اب بھی پوری طرح صیہونی فوج کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے۔

ٹیگس